میسورو،24؍جون (ایس او نیوز)ضلع پنچایت میٹنگ ہال میں ضلع کے انچارج وزیر ایس ٹی سوم شیکھر کی صدارت میں کووڈکا جائزہ لینے کیلئے اجلاس منعقد کیا گیا۔ ریاستی وزیر برائے بہبود خواتین واطفال ششی کلا جولے، میسور ضلع کے اراکین اسمبلی تنویر سیٹھ، سارا مہیش، جی ٹی دیوے گوڈا، یس اے رام داس، ایل ناگیندرا، اشونی کمار، ایم ایل سی وشواناتھ اور میسور ضلع کے ڈپٹی کمشنرڈاکٹر گوتم بگادی وغیرہ اس اجلاس میں شریک رہے۔
اس موقع پر تمام اراکین اسمبلی نے اجلاس میں ششی کلا جولے سے محکمہ ویمن اینڈ چائلڈویلفیئرکے افسروں کی لاپروائی کے تعلق سے شکایت کی اور کہا کہ کورونا وائرس کی تیسری لہرکے بہت جلد آنے کی وارننگ ماہرین نے دی ہے اس کے باوجودمحکمہ کے افسرلاپروائی برت رہے ہیں۔ انہیں تیسری لہر کا احساس تک نہیں ہے، لیکن اب ان تمام افسروں کو پوری طرح تیار رہنا ہوگا اور خاص کر بچوں کی حفاظت کی پوری تیاری کرنی ہوگی۔
اس موقع پر رکن اسمبلی ایس اے رام داس نے بتایا کہ محکمہ ویمن اینڈ چائلڈ ویلفیئر کے افسروں کے پاس اب تک اس وباء سے یتیم ہونے والے بچوں کی تعداد کے تعلق سے کوئی واضح جانکاری نہیں ہے۔ صرف حلقہ کرشناراجہ میں ایسے 13معاملات پیش آئے ہیں اور انہوں نے ان تمام کے گھروں کوپہنچ کر ان یتیم بچوں کو دلاسہ دیاہے۔ لیکن محکمہ ویمن اینڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ کے کسی بھی افسر کو احساس ہی نہیں ہے اور اب تک ان کے ساتھ کوئی بھی آفیسر ان یتیم بچوں کو دلاسہ دینے نہیں آسکاہے۔ مجموعی اعتبار سے محکمہ کے کسی بھی افسرمیں عوام کے مسائل حل کرنے کاجذبہ ہی نہیں ہے۔ اس موقع پر میسو رکے حلقہ نرسمہاراجہ کے رکن اسمبلی تنویر سیٹھ نے یہ جاننے کی کوشش کی میسور شہر اور میسور ضلع میں بچوں کے ماہر ڈاکٹرس کی تعداد کتنی ہے او ر سرکاری ہاسپٹلوں اور پرائیویٹ ہاسپٹلوں میں کتنی۔ ان کی اطلاع کے مطابق ضلع میں بچوں کے ماہر ڈاکٹرس کی کافی قلت ہے، لیکن اب تک اس تعلق سے اس کی اطلاع ریاستی حکومت کو نہیں دی گئی ہے۔ اس لئے تیسری لہر آنے سے پہلے ہم سب کو کافی چوکنا رہنا ہے اور فورا ًبچوں کے ماہرین کی ایک کمیٹی تشکیل دینی چاہئے اور احتیاطی تدابیر اپنانے چاہئیں۔
حلقہ ہنسور کے رکن اسمبلی ایچ پی منجوناتھ نے بتایا کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران پہلے ہی سے احتیاطی تدابیرپر عمل نہ کرنے کی وجہ سے ابھی تک میسور ضلع میں کورونا وائر س کے معاملات زیادہ ہیں۔ چامراجہ کے رکن اسمبلی ایل ناگیندرا، حلقہ ٹی نرسی پور کے رکن اشونی کمار نے بھی بات کی اور چند مشورے دئے۔ تمام حالات کا جائزہ لینے کے بعد ریاستی وزیر ششی کلا جولے نے محکمہ کے تمام افسروں کو سخت ہدایت دی کہ وہ ضلع کے تمام عوامی نمائندوں کو اعتماد میں لے کر تیسری لہرکے آنے سے پہلے تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ انہوں نے محکمہ کے تمام افسروں کو آڑے ہاتھ لیااور کہاکہ وہ یہاں کھیلنے نہیں آئی ہیں،عوامی نمائندوں کی شکایات سے ایسا لگتاہے کہ محکمہ کے تمام افسرلاپروا ہیں، ریاستی حکومت کو بدنام کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔بعد میں معذور بچوں میں وہیل چیرس اور میڈیکل کٹ تقسیم کئے گئے۔
آر نگر کے رکن اسمبلی سارا مہیش اور ایم ایل سی وشواناتھ نے، جو ایک دوسرے کے سیاسی حریف ہیں، اجلاس میں ایک دوسرے کے قریب بیٹھ کرتمام کو حیرت میں ڈال دیا۔